فریال تالپور کا یومِ یکجہتی کشمیر پر پیغام: کشمیری عوام کی قربانیوں کو سلام، آزادی کا سورج قریب ہے

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
فریال تالپور نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط کے خلاف ناقابل تسخیر جدوجہد نسل در نسل جاری ہے اور وہ کشمیری عوام کو سلام پیش کرتی ہیں جو آزادی کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء کی میراث کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر بھارتی مظالم، قربانیوں اور کشمیری عوام کی استقامت کی یاد دہانی ہے۔ مقبوضہ وادی کے عوام آج بھی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے باوجود حوصلے اور وقار کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں۔ فریال تالپور نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ سات دہائیوں میں مقبوضہ کشمیر میں جو ظلم و جبر کے ریکارڈ قائم کیے، انسانیت ہمیشہ اس پر شرمندہ رہے گی۔
صدر شعبہ خواتین نے کہا کہ کشمیری ماؤں کے آنسو، نوجوانوں کی جرأت اور وادی کی خاموشی عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہی ہے، اور وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔
فریال تالپور نے قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا، جنہوں نے کشمیر کے مسئلے کو عالمی سطح پر جرأت اور بصیرت کے ساتھ اجاگر کیا اور مظلوم کشمیری عوام کی توانا عالمی آواز بنیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کی قیادت اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے تحت پاکستان پیپلز پارٹی ہر فورم پر کشمیر کے مقدمے کو پوری قوت سے اٹھا رہی ہے اور کشمیری عوام کی آزادی، وقار اور انصاف کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، یہاں تک کہ وہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنا حقِ خودارادیت حاصل کر لیں۔



