عمران خان رہائی فورس کی تشکیل جاری ہے 1 لاکھ کارکن رجسٹرڈ ہونے پر حلف لیا جائیگا، شفیع جان

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے)خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان شفیع جان نے کہا ہے کہ عمران خان رہائی فورس کے لیے کارکنان کی رجسٹریشن جاری ہے، ایک لاکھ کارکن رجسٹرڈ ہونے پر ان سے حلف لیا جائے گا۔
اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ پورے کے پی میں 272 رجسٹریشن کیمپ لگانے جارہے ہیں، ایک لاکھ کارکنان کی تعداد پوری ہونے پر ان سے حلف لیا جائے گا، کل کے پی میں کیمپس لگیں گے اور ڈیجیٹل ڈیش بورڈ اوپن کردیا جائے گا، ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے تمام صوبوں کے کارکنان بھی رجسٹرڈ ہوسکیں گے۔
انہوں ںے کہا کہ یہ فورس غیر سیاسی ہے جس کا مقصد صرف عمران خان کی رہائی ہے، جس دن وہ رہا ہوں گے اس دن اس فورس کو ختم کردیا جائے گا، بانی کی رہائی کے لیے پارٹی جو لائحہ عمل دے گی یہ فورس اس پر عمل درآمد کرے گی، یہ پرامن رہ کر قانون و آئین کے دائرے کے اندر تحریک چلائے گی۔
انہوں ںے کہا کہ کورونا میں بھی ہم نے لاک ڈاؤن نہیں کیا جس کی دنیا معترف تھی، ایسی کسی پالیسی کے حق میں نہیں جس سے عام غریب عوام کو نقصان پہنچے، کیا مری میں جندال کی موجودگی میں نواز شریف سیلفیاں لے رہے تھے وہ لینی چاہیے تھیں؟ کیا مریم نواز جندال کے ساتھ مری کے فارم ہاؤس پر تصویریں لے رہی تھیں وہ لینی چاہیے تھیں؟ آپ حکومت سے یہ سوال ضرور کریں۔



