وزیرآباد:چٹھہ گلوبل فیملی کی فری ایمبولینس سروس کا آغاز، 3 ایمبولینسز 24 گھنٹے عوامی خدمت میں مصروف

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے) علی پورچٹھہ میں عوامی فلاح و بہبود کے ایک اہم اور قابلِ تحسین اقدام کے تحت چٹھہ گلوبل فیملی کے پلیٹ فارم سے فری ایمبولینس سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ اس سروس کے تحت ابتدائی مرحلے میں تین ایمبولینسز علی پورچٹھہ اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں 24 گھنٹے بلا معاوضہ عوامی خدمت کے لیے دستیاب ہوں گی۔ ایمبولینس سروس کی افتتاحی تقریب ورپال چٹھہ میں ناصر نذیر چٹھہ کے پٹرول پمپ پر منعقد ہوئی جہاں علاقے کی معزز شخصیات، سماجی رہنماؤں اور چٹھہ برادری کے اکابرین نے شرکت کی۔ افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکابرین نے بتایا کہ چٹھہ برادری کی جانب سے چٹھہ گلوبل فیملی کے نام سے ایک ایسا پلیٹ فارم قائم کیا گیا ہے جس کا مقصد صرف اور صرف انسانیت کی خدمت ہے، اور یہ پلیٹ فارم ہر قسم کی سیاست اور سیاسی عزائم سے مکمل طور پر مبرا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر تین ایمبولینسز کو مختلف مقامات پر رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔ یہ ایمبولینسز سہلوکی چٹھہ، سہارن چٹھہ اور علی پورچٹھہ مدینہ چوک میں چوبیس گھنٹے موجود رہیں گی اور بلا امتیاز ہر ضرورت مند شہری کو سہولت فراہم کریں گی۔ اکابرین کا کہنا تھا کہ علی پورچٹھہ اور ملحقہ دیہی علاقوں میں اکثر ہنگامی طبی حالات کے دوران بروقت ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے باعث قیمتی جانوں کا ضیاع ہو جاتا ہے، جس کے پیشِ نظر یہ فری ایمبولینس سروس شروع کی گئی ہے تاکہ عوام کو فوری طبی سہولت میسر آ سکے اور انسانیت کی خدمت کا عملی مظاہرہ کیا جا سکے۔ اس موقع پر شوکت زمان چٹھہ، تقی عباس چٹھہ، اعجاز احمد چٹھہ، غلام عباس چٹھہ، فاروق احمد چٹھہ، انیس اکرم چٹھہ سمیت دیگر معزز اکابرین بھی موجود تھے جنہوں نے اس اقدام کو قابلِ تقلید قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی چٹھہ گلوبل فیملی کے پلیٹ فارم سے عوامی خدمت کے مزید منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے فری ایمبولینس سروس کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے فلاحی اقدامات معاشرے میں باہمی تعاون، بھائی چارے اور انسان دوستی کو فروغ دیتے ہیں۔ شہریوں نے امید ظاہر کی کہ یہ سروس تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی اور مزید سہولیات کا بھی جلد اعلان کیا جائے گا۔



