تھرپارکر میں سود خوروں کا راج، سینکڑوں خاندان متاثر، پریم مہیشوری پر کروڑوں روپے کے زیورات ہڑپ کرنے کا الزام

تھرپارکر (رپورٹ : میندھرو کاجھروی، نمائندہ جانوڈاٹ پی کے) ضلع تھرپارکر میں مبینہ طور پر بااثر سود خوروں کے ہاتھوں کئی خاندان تباہ ہو چکے ہیں۔ متاثرہ غریب افراد کی شکایات کے باوجود ان کے خلاف کارروائی نہیں ہو سکی، جبکہ شکایت کرنے والے بعض افراد پر ہی مقدمات درج ہونے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔

حال ہی میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ مٹھی شہر میں ایک مبینہ بااثر سود خور شخص پریم مہیشوری پر کئی غریب محنت کشوں کے کروڑوں روپے مالیت کے سونے کے زیورات ہڑپ کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ متاثرہ افراد کے مطابق مجبوری کے تحت انہوں نے اپنے زیورات گروی رکھ کر اس سے رقم حاصل کی تھی، لیکن اب رقم واپس کرنے کے باوجود انہیں زیورات واپس نہیں دیے جا رہے۔

بابو ولد لیموں، اوتم، کریم بخش، سوائی سنگھ، پھلو مل اور پرتاب مصرانی سمیت دیگر متاثرہ مزدوروں نے ایس ایس پی تھرپارکر کو درخواست دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ملزم زیورات واپس کرنے کے بجائے مسلسل ٹال مٹول کر رہا ہے اور زیورات کا مطالبہ کرنے پر انہیں دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔

متاثرہ افراد نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملزم ان کے قیمتی زیورات ہڑپ کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے قانونی کارروائی کی جائے۔

دوسری جانب چند ماہ قبل متاثرہ شخص پرتاب مصرانی نے اسی بااثر سود خور کے خلاف شکایتی سیل آفس تھرپارکر میں درخواست دی تھی، تاہم اس پر کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔ الٹا سود خور پریم مہیشوری نے پرتاب مصرانی کے خلاف دفعہ 22 اے کے تحت کارروائی کروا دی۔ پرتاب مصرانی کا کہنا ہے کہ ملزم بااثر اور صاحبِ حیثیت ہے، اس کے لیے پولیس یا وکیل کو خریدنا مشکل نہیں، جبکہ وہ ان کے زیورات ہتھیا چکا ہے۔

میڈیا سروے کے مطابق مٹھی شہر میں ایسے کئی سود خور سرگرم ہیں جو زیورات گروی رکھتے ہیں لیکن کوئی رسید یا پرچی نہیں دیتے، اور جب لوگ رقم واپس کر کے زیورات مانگتے ہیں تو انہیں دینے سے انکار کر دیا جاتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button