جرمنی نے امریکا کی ایران جنگ کو تباہ کُن سیاسی غلطی اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیدیا

برلن(جانوڈاٹ پی کے)جرمنی کے صدر فرینک والٹر نے امریکا کی ایران جنگ کو تباہ کُن سیاسی غلطی اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔
برلن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جرمن صدر نے امریکی صدر ٹرمپ پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ یہ جنگ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، اس جنگ کے لیے امریکا کا جواز قابلِ قبول نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر جنگ کا مقصد ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنا تھا تو یہ غیر ضروری جنگ ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہاکہ جرمن صدر کو خاموشی توڑ کر ایران کے خلاف غیرقانونی جنگ کی مذمت کرنے پر سراہتے ہیں۔
انہوں نے مزیدکہا کہ غزہ اور یوکرین کے معاملے پر مغرب کا معیار دوغلا ہے، مغرب کا یہ دوغلا معیار ایران پر امریکی و اسرائیلی حملے پر خاموشی سے ظاہر ہوتا ہے، قانون کے حکمرانی پر یقین رکھنے والوں کو بھی قانون کی پامالیوں پر آواز اٹھانی چاہیے۔



