افغان ڈپٹی ہیڈ آف مشن کی دفترخارجہ طلبی،طالبان حکومت سے تمام دہشتگرد گروہوں کیخلاف فوری اورقابل تصدیق اقدامات کا مطالبہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کی جانب سے افغان سرزمین سے خوارج کے حملے میں 4 پاکستانی فوجیوں کی شہادت پر افغان ڈپٹی ہیڈ آف مشن کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق افغان ڈپٹی ہیڈ آف مشن کو دفتر خارجہ طلب کرکے باضابطہ ڈی مارش دیا گیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کا مؤقف ہے کہ افغان طالبان فتنہ الخوارج اور ٹی ٹی پی کی معاونت کررہے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے افغانستان میں دہشت گردوں کو حاصل محفوظ پناہ گاہوں پرتشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے افغان سرزمین سے دہشتگردی پر مکمل تحقیقات اور کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ افغان طالبان تمام دہشتگرد گروہوں کے خلاف فوری اورقابل تصدیق اقدامات کریں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اپنی خود مختاری کے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔



