شہباز شریف کی محمد بن سلمان سے اہم ملاقات آج، پاک سعودی تعلقات پر پیش رفت متوقع

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آج سے سعودی عرب کا دورہ شروع کر رہے ہیں، جس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے بتایا کہ وزیراعظم کا دورہ 6 سے 8 اگست تک جاری رہے گا، جس دوران ان کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات ہوگی۔

ترجمان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ کے معاملات میں بہتری اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ عمان اس صورتحال میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور پاکستان عمان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق بھارتی بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ بیانات بے بنیاد ہیں، آزاد کشمیر میں انتخابات شفاف انداز میں جاری ہیں اور بھارت کے پاس ایسے بیانات دینے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت آزاد کشمیر میں اموات سے متعلق غلط معلومات پھیلا کر مقبوضہ کشمیر میں مبینہ مظالم سے توجہ نہیں ہٹا سکتا۔

بنگلہ دیش سے متعلق سوال پر دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بنگلہ دیشی عوام اپنے معاملات خود حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button