بھارت کے بے بنیاد دعوے مسترد، گلگت بلتستان انتخابات پر پاکستان کا دوٹوک مؤقف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان نے گلگت بلتستان کے انتخابات سے متعلق بھارت کے بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی دہلی کے بے بنیاد اور غیر منطقی دعوے حقائق کو مسخ کرنے کی ایک منظم کوشش ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کا یہ مؤقف زمینی حقائق کے منافی ہے اور پاکستان اسے مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ خطے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیے ہوئے ہے جبکہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر سب سے طویل عرصے سے موجود حل طلب تنازع ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق جموں و کشمیر کا تنازع 1947 میں ریاست پر بھارت کے جبری اور غیر قانونی قبضے کے نتیجے میں پیدا ہوا، جس کا منصفانہ اور پائیدار حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر مکمل عمل درآمد میں مضمر ہے۔
ترجمان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے حوالے سے بھارت کے بے بنیاد دعوے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے عالمی توجہ نہیں ہٹا سکتے۔
پاکستان نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ علاقوں سے اپنا قبضہ ختم کرے، 5 اگست 2019 کے بعد کیے گئے تمام یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات واپس لے، تمام کالے قوانین منسوخ کرے اور غیر جانبدار مبصرین، بین الاقوامی تنظیموں اور عالمی میڈیا کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی فراہم کرے۔
دفتر خارجہ نے زور دیا کہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے حقِ خودارادیت کے آزادانہ استعمال کا موقع دیا جائے۔



