امریکا، ایران ثالثی: دفتر خارجہ کی سوشل میڈیا پر سرگرم خبروں کی تردید

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) امریکا و ایران میں ثالثی کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے سوشل میڈیا پر سرگرم جھوٹی خبروں کی تردید کر دی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مختلف ذرائع، خصوصاً سوشل میڈیا پر ایسی رپورٹس سامنے آئی ہیں جن میں پاکستان کی جانب سے امن و مذاکرات کے فروغ کیلئے مبینہ اقدامات کو سرکاری ذرائع سے منسوب کیا گیا ہے، تاہم یہ دعوے حقیقت پر مبنی نہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری ذرائع سے منسوب تمام ایسے بیانات غلط ہیں اور وزارت خارجہ کی جانب سے اس نوعیت کی کوئی معلومات جاری نہیں کی گئیں۔

ترجمان طاہر اندرابی نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ جمعہ کو وزارت خارجہ میں ہونے والی بریفنگ کو غلط انداز میں پیش کیا گیا، جس میں ایسے معاملات کو شامل کیا گیا جن پر نہ بات ہوئی اور نہ ہی کوئی اشارہ دیا گیا، خطے میں بڑھتی ہوئی حساس صورتحال کے پیش نظر ذمہ دارانہ صحافت اور محتاط سفارت کاری کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے میڈیا پلیٹ فارمز پر زور دیا کہ وہ قیاس آرائیوں سے گریز کریں اور درست و مستند معلومات کیلئے صرف سرکاری بیانات اور میڈیا ریڈ آؤٹس پر انحصار کریں، موجودہ حالات میں غیر مصدقہ خبروں کا پھیلاؤ صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتا ہے، اس لیے ذمہ داری کا مظاہرہ ناگزیر ہے۔

مزید خبریں

Back to top button