افغان سرزمین سے دہشتگرد حملوں اور اشتعال انگیزی کے جواب میں دفاعی کارروائیاں کی گئیں، ترجمان دفترخارجہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)ترجمان دفترخارجہ طاہر اندرابی نے آپریشن غضب للحق کے حوالے سے کہا ہے کہ افغان سرزمین سے دہشت گرد حملوں اور اشتعال انگیزی کے جواب میں دفاعی کارروائیاں کی گئیں ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کارروائیوں میں دہشت گرد تنظیموں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا اور ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
دفترخارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان نے یہ اقدامات اپنے دفاع کے حق کے تحت شہریوں اورخطے کے تحفظ کے لیے کیے، طالبان حکومت یاکسی دہشت گرد گروہ کی مزید اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام چاہتے ہیں، دہشت گردی کے مسئلے پر سفارتی کوششیں جاری رکھیں گے۔
دفترخارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان کی خیرسگالی کو غلط سمجھا گیا اور افغان سرزمین سے حملوں میں اضافہ ہوا، افغان حکومت سےمطالبہ کیا کہ فتنہ الخوارج اورفتنہ الہندوستان کی سرگرمیاں فوری روکی جائیں۔
ترجمان نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری طالبان حکومت پر دہشت گرد گروہوں کے خلاف ٹھوس کارروائی کے لیے دباؤ ڈالے، پاکستان اقوام متحدہ چارٹر کے تحت اپنے دفاع میں ہر مناسب اقدام کا حق محفوظ رکھتا ہے۔



