تھرپارکر: شادی شدہ خاتون کے زبردستی نکاح کی کوشش، متاثرہ خاتون کی جان کو خطرہ،پولیس نے حفاظتی تحویل میں لے لیا

تھرپارکر (رپورٹ : میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے)تھرپارکر ضلع کے تعلقہ کلوئی کے گاؤں کاڑک میں والدین کی جانب سے ایک شادی شدہ خاتون کا پہلے نکاح کے باوجود دوبارہ زبردستی نکاح کرانے کی کوشش کا ویڈیو بیان سامنے آیا ہے، جس میں متاثرہ خاتون نے اپنی جان کو خطرہ ظاہر کرتے ہوئے تحفظ کی اپیل کی ہے۔

متاثرہ خاتون نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ چھ ماہ قبل اس کے والدین نے اس کا نکاح سکندر نہڑیو سے کرایا تھا اور وہ اس وقت تین ماہ کی حاملہ ہے۔

خاتون کا کہنا ہے کہ اب اس کے والدین اسے اس کے شوہر سکندر سے زبردستی الگ کرکے کسی اور شخص سے شادی کرانا چاہتے ہیں، جو اسے کسی صورت قبول نہیں۔ اس نے کہا کہ وہ مرنا قبول کرے گی لیکن اپنے شوہر سکندر نہڑیو کو نہیں چھوڑے گی اور دوسری شادی نہیں کرے گی۔

متاثرہ خاتون نے مزید بتایا کہ ان کے گھر پر فائرنگ بھی کی گئی، تاہم اس نے اپنے شوہر کو باہر نہیں نکلنے دیا اور دونوں نے گھر میں چھپ کر اپنی جان بچائی۔

ویڈیو بیان منظر عام پر آنے کے بعد کلوئی کے ایم پی اے اور بلاول ہائوس میڈیا سیل کے انچارج سریندر ولاسائی نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی تھرپارکر کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔

ذرائع کے مطابق خاتون کو پولیس نے حفاظتی تحویل میں لے لیا ہے اور اسے آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button