چینی خاتون کے پاؤں پر کان نے سب کوحیران کردیا

بیجنگ(جانو ڈاٹ پی کے)چینی خاتون کے پاؤں پر کان نے سب کوحیران کردیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق رواں سال کے آغاز میں چینی خاتون کے ساتھ کام کے دوران ایک خوفناک حادثہ پیش آیا، حادثے کے دوران فیکٹری کی ہیوی مشینری میں خاتون کے بال الجھ جانے سے خاتون نے اپنا بایاں کان، سر اور جلد کا کچھ حصہ کھو دیا۔
اس حادثے کے دوران خاتون کی جان تو بال بال بچ گئی لیکن اسے ایک بار پھر صحت مند ہونے کیلئے کان کو جوڑنے جیسی نایاب سرجری سے گزرنا پڑا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حادثے کے فوری بعد ڈاکٹرز نے فیصلہ کیا کہ اگر خاتون کا متاثرہ کان سرجری کے ذریعے اس کی اصل جگہ پر فوری طور پر لگا دیا گیا تو اس طرح خاتون کی خون کی نالیاں متاثر ہو سکتی ہیں، لہٰذا متاثرہ کان کے صحت مند ہونے تک خاتون کا کان اس کے پیر پر لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔
طبی ماہرین کے مطابق انسان کے پیر کی جلد پتلی ہوتی ہے اور پیر کی خون کی نالیوں کا فاصلہ کان کے حصے میں پائی جانے والی نالیوں کے برابر ہوتا ہے لہٰذا یہ صورتحال ٹرانسپلانٹیشن کیلئے مددگار ہے۔
بعد ازاں چینی سرجنز کی ایک بڑی ٹیم نے 10 گھنٹے کا طویل آپریشن کرکے خاتون کا متاثرہ کان اس کے پیر سے جوڑ دیا۔
ڈاکٹرز کے مطابق خاتون کی کان کی صحت کیلئے سرجری کے بعد کے ابتدائی دن تشویشناک رہے لیکن خون کا بہاؤ نارمل ہونے کے بعد کان کی جلد کی رنگت ایک بار پھر نارمل ہونے لگی اور یوں ڈاکٹرز ٹرانسپلانٹ کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس سرجری کے بعد خاتون کی صحت پہلی جیسی ہونے میں 5 ماہ کا عرصہ لگا، اس دوران خاتون کا بایاں کان بھی اس کے پیر سے منسلک رہا، اس عرصے کے دوران خاتون نے باہر جانے کیلئے ڈھیلے جوتے استعمال کیے، ساتھ ہی خون کا بہاؤ تیز کرنے کیلئے تیز قدموں سے واک بھی جاری رکھی۔



