فرانسیسی صدر میکرون کاوزیراعظم شہباز شریف کوفون،جنگ بندی معاہدے کرانے پر اظہار تشکر

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)فرانسیسی صدر میکرون کاوزیراعظم شہباز شریف کوفون،جنگ بندی معاہدے کرانے پر اظہار تشکر۔
فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی معاہدے میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔ یہ رابطہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کامیابی کا واضح اعتراف سمجھا جا رہا ہے۔
ٹیلی فونک گفتگو کے دوران صدر میکرون نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت، دانشمندانہ سفارتکاری اور امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست کے طور پر نہایت اہم کردار ادا کیا، جس کی بدولت ایک بڑے عالمی بحران کو ٹالنے میں مدد ملی۔ حالیہ دنوں میں مختلف عالمی اور علاقائی حلقوں کی جانب سے بھی پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فرانسیسی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے اور دنیا میں امن، مذاکرات اور باہمی احترام کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مستقبل میں بھی عالمی امن کے قیام کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔
یہ رابطہ نہ صرف پاکستان اور فرانس کے تعلقات میں گرمجوشی کا مظہر ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے سفارتی وقار کی بھی علامت ہے۔ موجودہ حالات میں پاکستان کا جنگ بندی معاہدے میں کردار عالمی امن کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔



