3سال میں پاکستان کی برآمدات میں10ارب ڈالر سے زائد اضافے کا امکان

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے)وزارتِ خزانہ نے 3سالہ میکرو اکنامک اور فسکل فریم ورک جاری کر دیا ہے جس کے تحت آئندہ تین برسوں کے لیے اہم معاشی اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔3سال میں پاکستان کی برآمدات میں10ارب ڈالر سے زائد اضافے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق برآمدات، ترسیلات زر، ٹیکس ریونیو، معیشت کے حجم میں نمایاں اضافہ متوقع ہے ، تین سال میں پاکستان کی برآمدات میں 10 ارب ڈالر سے زائد اضافے کا امکان ہے ، پاکستانی برآمدات 44 ارب 83 کروڑ ڈالر سے 55 ارب ڈالر تک جانے کا تخمینہ لگایا گیاہے ، تین سال میں اشیا کی برآمدات 42 ارب 69 کروڑ ڈالر تک جا سکتی ہیں، آئی ٹی سمیت خدمات کے شعبے کی برآمدات 12 ارب 24 لاکھ ڈالر ہونے کا تخمینہ ہے۔
رواں مالی سال ملکی اشیا کی برآمدات کا تخمینہ 35 ارب 28 کروڑ ڈالر ہے، اس سال سروسز سیکٹر کی برآمدات کا تخمینہ 8 ارب 38 کروڑ ڈالر ہے، غیر ملکی درآمدات 14.5 ارب ڈالر اضافے سے 79 کروڑ 71 لاکھ ڈالر تک جا سکتی ہیں ، اگلے تین سال میں ترسیلات زر ریکارڈ 44 ارب 82 کروڑ تک ہو سکتی ہیں۔
رواں مالی سال ترسیلات زر 39 ارب 43 کروڑ ڈالر رہیں گی، تین سال میں ملکی معیشت کا حجم بڑھ کر 1 لاکھ 62 ہزار 513 ارب ہو جائے گا، رواں سال ملکی معیشت کا سائز 1 لاکھ 29 ہزار 567 ارب رہنے کا تخمینہ ہے، آئندہ تین سال میں پاکستان کی معاشی شرح نمو 4.2 سے 5.7 فیصد تک جا سکتی ہے۔



