قومی یکجہتی کی مثال قائم:وطن واپسی پر سری لنکن کرکٹرز سیلاب متاثرین کی مدد میں مصروف

کولمبو(جانوڈاٹ پی کے)دورہ پاکستان مکمل کرکے وطن واپس پہنچتے ہی سری لنکن کرکٹرز اپنے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے پہنچ گئے۔
سری لنکا کرکٹ ٹیم پاکستان میں ٹرائی سیریز کھیلنے کے بعد آج صبح کولمبو پہنچی اور سری لنکا کرکٹ اسکواڈ کے اراکین وطن واپس پہنچتے ہی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہو گئے۔
ہیڈ کوچ سنتھ جے سوریا کی سربراہی میں سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
ہیڈ کوچ سنتھ جے سوریا اور کھلاڑیوں نے امدادی سامان آرمڈ فورسز کے حوالے کیا اور اس مشکل وقت میں متاثرین کی مدد کرنے پر فورسز کا شکریہ ادا کیا۔
سنتھ جے سوریا نے کہا کہ آرمڈ فورسز جو خدمات انجام دے رہی ہیں، یہ ملک کبھی فراموش نہیں کرے گا، یہ ہمارے ملک کے لیے ایک مشکل وقت ہے۔
یاد رہے کہ سری لنکا میں سمندری طوفان دتوا کے باعث بارشوں،سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہلاکتوں کی تعداد 366 ہوگئی۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر کے مطابق طوفان اور سیلابی صورتحال کے سبب ملک بھر میں 44 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں، متاثرہ افراد کو اسکولوں اور پبلک مقامات میں منتقل کیا گیا ہے۔



