لاہور میں شدید دھند، اندرون و بیرون ملک 7 پروازیں متاثر، ایک منسوخ

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) شدید دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر اندرون و بیرون ملک آنے اور جانے والی 7 پروازیں متاثر ہو گئیں، جس کے نتیجے میں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی لاہور سے دمام جانے والی پرواز 847 تاخیر کا شکار ہوئی، جبکہ ایئر سیال کی لاہور سے جدہ روانہ ہونے والی پرواز 716 صبح 3 بج کر 30 منٹ تک تاخیر کا شکار رہی۔
اسی طرح ایئر بلیو کی لاہور سے جدہ جانے والی پرواز 472 دن 9 بجے تک تاخیر کا شکار رہی، حالانکہ پرواز کو رات 11 بجے جدہ روانہ ہونا تھا۔ سعودی ایئر کی جدہ سے لاہور آنے والی پرواز 738 بھی دن 12 بجے کے بعد لاہور پہنچے گی۔
مزید برآں پی آئی اے کی مدینہ سے لاہور آنے والی پرواز 748 صبح 11 بجے تک تاخیر کا شکار رہی، جبکہ ایئر بلیو کی کراچی سے لاہور آنے والی پرواز 406 کو منسوخ کر دیا گیا۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق دھند کے باعث حدِ نگاہ شدید متاثر ہوئی، جس کے سبب پروازوں کے شیڈول میں رد و بدل کرنا پڑا۔



