شہدادکوٹ: ایزی لوڈ شاپ پر فائرنگ، دو سگے بھائی زخمی، ایک ہسپتال میں جاں بحق
ڈاکٹرز پر غفلت کا الزام،مقتول کے ورثاء کا ہسپتال میں ہنگامہ،توڑ پھوڑ

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) شہدادکوٹ میں تھانہ اے سیکشن کی حدود ٹانوری نہر کے قریب ایزی لوڈ شاپ پر بیٹھے دو سگے بھائیوں پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی جس میں دونوں شدید زخمی ہوگئے، زخمیوں کو تحصیل اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں پر 28 سالہ عامر بلیدی نامی ایک بھائی دم توڑ گیا، اسپتال میں مبینہ طور پر طبی سہولیات کی کمی پر مقتول کے ورثاء مشتعل ہوگئے جنہوں نے ڈاکٹرز پر غفلت برتنے کا الزام لگاکر ہنگامہ کرکے فرنیچر اور کھڑی ایمبولینس کے شیشے توڑ دئے، ورثاء کی ڈاکٹرز اور عملے سے ہاتھا پائی، بھی ہوئی، ورثاء نے مبینا طور پر نااہلی برتنے والے ڈاکٹرز اور عملے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا، ادھر دوسرے زخمی بھائی کو تشویشناک حالت میں ٹراما سینٹر لاڑکانہ منتقل کر دیا گیا، پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دیرینہ دشمنی پر پیش آیا، فرار ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے.



