خیرپور ناتھن شاہ:شادی پراچانک 13سالہ بچے سے گولی چل گئی،خاتون جاں بحق اور 12سالہ بچی زخمی

خیرپور ناتھن شاہ(جانوڈاٹ پی کے)خوشی ماتم میں بدل گئی،13سالہ بچے کی فائرنگ سے خاتون جاں بحق اور 12سالہ بچی زخمی ہوگئی۔
خیرپور ناتھن شاہ کے گاؤں بیلو پتن میں شادی کی تقریب ماتم میں بدل گئی۔مہندی کی تقریب کے دوران فائرنگ سے ایک خاتون جاں بحق اوربچی زخمی ہوگئی۔خیرپور ناتھن شاہ کے نواحی گاؤں بیلو پتن میں مہندی کی تقریب اس وقت المناک صورتحال اختیار کر گئی جب ہوائی فائرنگ کے دوران گولی لگنے سے40سالہ حسینہ زوجہ محمد حسین بھٹو موقع پر جاں بحق ہوگئیں۔
12سالہ مسکان بھٹو بھی گولی لگنے سے زخمی ہوئی جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ورثاء کے مطابق فائرنگ بھتیجے یاسر بھٹو کی جانب سے اتفاقاً ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق13سالہ یاسر بھٹو واقعے کے بعد سے غائب ہے اور تلاش جاری ہے۔سانحے کے بعد شادی کی تمام تقریبات منسوخ کر دی گئیں اور پورے علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ مقدمہ تاحال درج نہیں ہو سکا۔



