کلوئی تعلقہ کے گاؤں رتنو کولہی میں آگ سے تین گھر خاکستر، متاثرین امداد کو ترس گئے

مٹھی (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) کلوئی تعلقہ کے گاؤں رتنو کولہی میں اچانک لگنے والی آگ نے تین گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں رتنو کولہی، بھارو کولہی اور ان کے بیٹوں کے گھر مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئے۔ آتشزدگی کے باعث متاثرہ گھروں میں موجود بستر، گدے، کپڑے، زیورات، بیٹیوں کا جہیز، برتن اور کھانے پینے کا تمام سامان جل کر راکھ بن گیا۔
واقعے کے بعد متاثرہ خاندانوں نے پوری رات کھلے آسمان تلے گزاری جبکہ ایک دن گزر جانے کے باوجود مقامی انتظامیہ کا کوئی نمائندہ جائے وقوعہ پر نہ پہنچ سکا اور نہ ہی کسی قسم کی امداد فراہم کی گئی۔
آتشزدگی سے متاثرہ خاندانوں نے میڈیا کے سامنے شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت اور متعلقہ محکموں سے اپیل کی ہے کہ انہیں فوری طور پر خیمے، راشن، برتن اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنے گھروں کا نظام زندگی بحال کر سکیں۔



