آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات،تمام نجی و سرکاری عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ کیا جائے گا،یوسف شیخ

ھالا(رپورٹ:امجد راجپوت/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے کہا ہے کہ قدرتی اور انسانی عوامل کے باعث پیدا ہونے والی آفات، خصوصاً آتشزدگی کے واقعات سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان باہمی رابطہ اور ہم آہنگی نہایت ضروری ہے، جبکہ حفاظتی اقدامات، فائر سیفٹی آڈٹ اور ماحولیاتی قوانین پر ہر صورت سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے یہ بات ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (DDMA) مٹیاری کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جو ڈپٹی کمشنر سیکریٹریٹ مٹیاری کے لطیف ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع کے تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلع کی تمام نجی و سرکاری کمرشل عمارتوں، شاپنگ سینٹرز، بڑی عوامی اور سرکاری عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ تحصیل فائر سیفٹی آڈٹ کمیٹیوں کے ذریعے جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ آگ بجھانے کے آلات، ایمرجنسی راستوں، وائرنگ اور حفاظتی انتظامات کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں قیمتی جانوں اور املاک کو محفوظ بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کے لیے پیشگی منصوبہ بندی، آگاہی مہم اور باقاعدہ نگرانی نہایت اہم ہے، اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں بہار کے موسم میں شجرکاری مہم پر بھی غور کیا گیا، جس پر ڈویژنل فاریسٹ آفیسر سوشل فاریسٹری مٹیاری کو ہدایت دی گئی کہ شجرکاری کے حوالے سے جامع ایکشن پلان اور تفصیلات اجلاس میں پیش کی جائیں۔
اس موقع پر سندھ انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایکٹ 2014 پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کے فیصلے بھی کیے گئے، جبکہ ماحولیاتی آلودگی، غیر قانونی سرگرمیوں اور سرکاری قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف مؤثر کارروائی پر زور دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ نے کہا کہ ضلع کی سطح پر آفات کی روک تھام اور بہتر انتظام کے لیے تمام اداروں کو اپنی ذمہ داریاں دیانتداری سے ادا کرنا ہوں گی، اور واضح کیا کہ تمام متعلقہ افسران کے لیے ذاتی طور پر اجلاس میں شرکت لازمی تھی، جبکہ کسی ماتحت نمائندے کو اجازت نہیں دی گئی۔



