پنگریو میں ہولناک آتشزدگی کاواقعہ،4دکانیں اور ایک گودام جل کر خاکستر

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)
پنگریو میں ہولناک آتشزدگی کاواقعہ،4دکانیں اور ایک گودام جل کر خاکستر،بھاری مالی نقصان۔ پنگریوشہرکے وارڈنمبر تین میں گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول کے سامنے واقع ڈیکوریشن کی دکان میں اچانک لگنے والی ہولناک آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے چار دکانوں اور ایک گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں تمام املاک اور سامان جل کر مکمل طور پر خاکستر ہو گیا۔ آتشزدگی کی اطلاع ملنے پر شہری بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے، تاہم آگ کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ لوگ آگ بجھانے میں کامیاب نہ ہو سکے اور شہریوں کواپنی مدد آپ کے تحت شروع کی جانے والی امدادی سرگرمیوں میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ متاثرہ ڈیکوریشن مالک نورمحمدکھٹی کے مطابق مجموعی نقصان کا تخمینہ ڈیڑھ کروڑ روپے تک ہے جبکہ دکانوں اورگودام کے اسٹرکچر کو پہنچنے والا نقصان اس کے علاوہ ہےآگ کے شعلے اس قدر بلند تھے کہ دور دور تک دھواں دکھائی دیتا رہا اور علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ تیزی سے پھیلی اور خاص طور پر ڈیکوریشن کے سامان کی دکان کی چاروں دکانیں اور گودام مکمل طور پرجل کرخاکسترہوگئے انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آگ ممکنہ طور پر بیٹری پھٹنے کے باعث لگی، تاہم واقعے کی حتمی وجہ کا تعین تاحال نہیں ہو سکا۔شہریوں اور تاجروں کا کہنا ہے کہ پنگریو ٹاؤن کمیٹی میں فائر بریگیڈ کی سہولت موجود نہ ہونے کے باعث آگ پر بروقت قابو نہیں پایا جا سکا، جس کے باعث نقصان میں اضافہ ہوا۔آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کو پہنچنے میں شدید تاخیر ہوئی اور تقریباً تین گھنٹے بعد تلہار سے فائر بریگیڈ موقع پر پہنچی، جس نے مزید دکانوں اور قریبی گھروں کو جلنے سے بچا لیا۔ قریبی شہروں ٹنڈوباگو اور ضلعی ہیڈکوارٹر بدین سے فائر بریگیڈ نہ پہنچنے پر شہریوں نے شدید افسوس کا اظہار کیا۔واقع کے بعد مختیارکار ٹنڈوباگولال محمدبجیر۔ٹاون کمیٹی پنگریوکے حکام اورایس ایچ اوپنگریوموقع پر پہنچے اور متاثرہ دکاندار سے ملاقات کر کے نقصانات کی تفصیلات حاصل کیں جبکہ متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی گئی ہے.



