تفتیشی کو مدعی سے سواری کے اخراجات مانگنا مہنگا پڑ گیا،ایس ایچ او سرگودھا نے مقدمہ درج کرادیا
قانون کی بالادستی:سرکاری وسائل کا غلط استعمال مہنگا پڑ گیا

سرگودھا(نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)ایس ایچ او نے اپنے ہی تفتیشی افسر کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا.
پولیس میں اندرونی احتساب کی ایک غیر معمولی مثال سامنے آئی ہے جہاں تھانہ کے ایس ایچ او اسد اویس نے اپنے ہی ماتحت تفتیشی افسر ایس آئی ریاست علی کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی ہے۔ یہ کارروائی اختیارات سے تجاوز اور سرکاری فرائض میں غفلت کے الزام میں کی گئی ہے۔
ایس آئی ریاست علی ایک مقدمہ کی تفتیش کر رہے تھے اور انہیں ڈی این اے ٹیسٹ کے سلسلے میں لاہور جانا تھا۔ایس آئی ریاست علی نے قانونی طریقہ کار کو نظرانداز کرتے ہوئے، مقدمے کے مدعی سے لاہور آنے جانے کے لیے گاڑی طلب کی۔ قانوناًاس طرح کے سرکاری فرائض کی ادائیگی کے لیے سرکاری گاڑی استعمال کی جانی چاہئے اور تمام سفری اخراجات سرکاری خزانے سے ادا کیے جاتے ہیں۔ایس ایچ او اسد اویس نے اس بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کو برداشت نہیں کیا اور فوری کارروائی کرتے ہوئے ایس آئی ریاست علی کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی۔



