پیپلز پارٹی،باپ بیٹے کی جنگ،سندھ کی وزارتِ اعلیٰ کیلئے رسہ کشی

کراچی(خصوصی رپورٹ:جانوڈاٹ پی کے)سینیئر صحافی شکیل ملک نے اپنے حالیہ وی لاگ میں پیپلز پارٹی کی اندرونی سیاست اور قیادت کے درمیان بڑھتے ہوئے شدید اختلافات کا پردہ چاک کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، اس وقت پیپلز پارٹی میں "باپ بیٹے” یعنی آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے مابین پالیسیوں پر شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔ بلاول بھٹو کا موقف ہے کہ موجودہ حکومتی اتحاد سے علیحدگی اختیار کرنی چاہیے تاکہ پارٹی کا کھویا ہوا سیاسی تشخص اور پنجاب میں جیالوں کا اعتماد بحال کیا جا سکے، جبکہ آصف زرداری موجودہ عہدوں اور مفاہمت کی پالیسی کو چھوڑنے کے حق میں نہیں ہیں۔
شکیل ملک کے مطابق یہ رسہ کشی اب سندھ کی وزارتِ اعلیٰ تک پہنچ چکی ہے۔ آصف علی زرداری، شرجیل انعام میمن کو وزیراعلیٰ سندھ بنانے کے خواہش مند ہیں اور حال ہی میں انہیں اپنے ساتھ چین کے اہم دورے پر بھی لے کر گئے، جہاں مراد علی شاہ غیر حاضر تھے۔ دوسری جانب بلاول بھٹو مراد علی شاہ کی کارکردگی پر مطمئن ہیں اور انہیں عہدے سے ہٹانے کے حق میں نہیں ہیں۔ اس صورتحال میں شرجیل انعام میمن کی اسلام آباد میں ہونے والی "خاص ملاقاتوں” نے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ ایک طرف پیپلز پارٹی پنکی (کوکین کوئین) جیسے کیسز کی وجہ سے دفاعی پوزیشن پر ہے، تو دوسری طرف ان اندرونی پھڈوں نے پارٹی کے مستقبل کو داؤ پر لگا دیا ہے۔




