بھيل اور پنہور برادری میں تصادم کے نتیجے میں 2افراد شدید زخمی

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)پنگریو کے نواحی گاؤں حاجی عبد الخالق آرائیں میں مبینہ طور پرلڑکی کو ورغلانے کے تنازع پر بھيل اور پنہور برادری کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہوگئے، جس کے خلاف بھيل برادری نے احتجاج کرتے ہوئے ٹنڈوباگو۔پنگریو مین روڈ بلاک کردی۔اس ضمن میں حاصل کردہ معلومات کے مطابق گاؤں میں دونوں برادریوں کے درمیان کشیدگی اس وقت شدت اختیار کرگئی جب مبینہ طور پر ایک بھیل لڑکی کو ورغلانے کے معاملے پر تلخ کلامی کے بعد جھگڑا ہوگیا۔ تصادم کے دوران لاٹھیوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں مسمات مومل اور روپو بھيل شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔اقع کے خلاف بھيل برادری کے افراد نے خواتین اور بچوں سمیت موہن بھيل، کانجی بھيل، چندر کیسر، مسمات میرزادی، مسمات سومری اور دیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے حاجی عبد الخالق آرائیں بس اسٹاپ کے مقام پر ٹنڈوباگو۔پنگریو مین روڈ پر دھرنا دے کر دونوں اطراف کی ٹریفک معطل کردی، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ عثمان پنہور اور اس کے ساتھیوں نے ان کی کمسن لڑکی کو ورغلایا تھا، جو رات گئے موقع پاکر گھر واپس پہنچ گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ گاؤں میں شادی کی تقریب میں مصروف تھے کہ اسی دوران کارخانے میں مزدوری کرنے والے روپو بھيل پر پنہور برادری کے افراد نے حملہ کردیا۔ شور سن کر جب خواتین موقع پر پہنچیں تو انہیں بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور لاٹھیوں سے زخمی کیا گیا۔دوسری جانب پنگریو پولیس اطلاع ملنے پر فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی، صورتحال کو قابو میں کیا اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ پولیس حکام نے واقع کی تحقیقات شروع کرنے اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی یقین دہانی کرائی پولیس کی جانب سے انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے دھرنا ختم کرکے روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا، جس کے بعد آمدورفت بحال ہوگئی۔ علاقے میں کشیدگی برقرار ہے جبکہ پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جاسکے



