فیفا ورلڈکپ:ارجنٹینا مصر کو 2-3 سے ہرا کرکوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

اٹلانٹا(جانوڈاٹ پی کے)فیفا ورلڈکپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا مصر کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا۔

امریکا کے شہر اٹلانٹا میں کھیلے گئے میچ میں  فیفاورلڈکپ 2026 کے راؤنڈ آف 16 میں ارجنٹینا  نے دو گول کے خسارے میں جانےکےبعد تین دو سےکامیابی حاصل کی۔

پہلے ہاف میں مصر کی جانب سے یاسر ابراہیم نے پہلا گول کیا اور ٹیم کو برتری دلوائی۔ اس موقع پر ارجنٹینا کو پنالٹی اسٹروک ملا تاہم ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی گول کرنے میں ناکام رہے۔ مصری گول کیپر مصطفیٰ شبیر نے پنالٹی اسٹروک پر گیند کو شاندار طریقے سے روک لیا۔

مصر کی جانب سے مصطفیٰ زیکو نے دوسرا گول کیا تاہم ریفری نے اسے فاؤل قرار دے دیا۔

کچھ ہی دیر میں مصطفیٰ زیکو نے  شاندار گول کرکے مصر کی برتری 0-2 کردی۔

ارجنٹینا نے پہلا گول دوسرے ہاف میں 80 ویں منٹ میں کیا، میسی نے 3 منٹ بعد ہی  دوسرا گول کرکے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔

آخری لمحات میں ارجنٹینا نے تیسرا گول کرکے مصر پر 2-3 کی برتری حاصل کرلی۔ ارجنٹینا کی جانب سے گول رومیرو، لیونل میسی اورفرننڈیز نے بنائے۔مصر کی جانب سے گول ابراہیم اور زیکو نے اسکور کیے۔

آج ہونے والےکولمبیا اور سوئٹرزلینڈ کے میچ کی فاتح ٹیم کا مقابلہ کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا سے ہوگا۔

میچ کے دوران مصری ٹیم کے ہیڈکوچ حسام حسن کو  ریفری سے شدید احتجاج اور بحث کرنے پر پیلا کارڈ دکھایا گیا۔

حسام حسن نے میچ کے دوران ریفری کے بعض فیصلوں پر سخت اعتراض کیا، جس کے بعد ریفری نے انہیں وارننگ دیتے ہوئے پیلا کارڈ جاری کیا۔

مزید خبریں

Back to top button