ایران کی ٹیم ورلڈکپ 2026 کے میچز امریکا میں ہی کھیلے گی، فیفا صدر کا اعلان

پیرس(جانوڈاٹ پی کے)فیفا صدر جیانی انفینٹینو کا کہنا ہے کہ  ایران کی فٹبال ٹیم  ورلڈکپ کے اپنے گروپ میچز شیڈول کے مطابق امریکا میں کھیلے گی۔

فیفا کے صدر نے یہ بات ترکیے میں ایرانی فٹبال ٹیم ، ہیڈکوچ اور ایرانی فٹبال فیڈریشن کے نائب صدر سے ملاقات کے بعد خبر رساں ایجنسی سے گفتگو میں کہی، جہاں ایران کی ٹیم کوسٹا ریکا سے دوستانہ میچ کھیلنے کے لیے موجود تھی۔

خیال رہے کہ ایران نے فیفا ورلڈکپ 2026 کے لیے کوالیفائی کیا ہوا ہے، یہ ورلڈکپ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں 11 جون سے شروع ہوگا۔ ایران کے تمام میچز امریکا میں شیڈول ہیں اور ایران کو پہلا گروپ میچ 15 جون کو لاس اینجلس میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلنا ہے، پھر 21 جون کو اس کا مقابلہ بیلجیئم اور 27 جون کو مصر سے ہوگا۔

گزشتہ دنوں ایرانی فٹبال فیڈریشن نےکہا تھا کہ وہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ کے باعث اپنے میچزکو میکسیکو منتقل کرنےکے لیے فیفا سے مذاکرات کر رہی ہے۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران فٹبال ٹیم کی ورلڈکپ میں شرکت حوالے سےکہا تھا کہ ان حالات میں ایران کا امریکا میں ورلڈ کپ کھیلنا مناسب نہیں ہوگا جب کہ ایران نے اس پر ردعمل میں کہا تھا کہ کوئی بھی ایران کی قومی ٹیم کو ورلڈکپ سے باہر نہیں کر سکتا۔ ایران کے اسپورٹس منسٹر نے بھی کھلاڑیوں کو گزشتہ ہفتے مخالف سوچ رکھنے والے ممالک کے سفر سے منع کیا تھا۔

تاہم آج کی ملاقات کے بعد فیفا صدر نے واضح کیا کہ ایران فیفا ورلڈکپ 2026 کے میچز طے شدہ مقامات یعنی امریکا میں ہی کھیلےگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران ورلڈ کپ میں ہوگا، اسی لیے ہم یہاں ہیں، میچز وہیں کھیلے جائیں گے جہاں قرعہ اندازی کے مطابق شیڈول ہیں۔

فیفا صدر نےکہا کہ وہ ایرانی ٹیم اورکوچ سے مل چکے ہیں اور سب کچھ ٹھیک ہے۔

بعد ازاں سوشل میڈیا پوسٹ میں فیفا صدر ایرانی ٹیم اور ہیڈکوچ کے ساتھ ملاقات کی تصاویر شیئر کیں اور لکھا کہ مجھے ایران کی قومی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں سے انطالیہ میں کوسٹا ریکا کے خلاف ان کے دوستانہ میچ سے قبل ملاقات کر کے بہت خوشی ہوئی۔ اس موقع پر مجھے کھلاڑیوں کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع ملا، ساتھ ہی ایران فٹبال فیڈریشن کے نائب صدر اور ہیڈ کوچ سے بھی ملاقات ہوئی۔

جیانی انفینٹینو کے مطابق میں نے ٹیم کو ایک بار پھر فیفاورلڈکپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرنے پر مبارک باد دی اور اس بات پر سراہا کہ وہ ایران اور دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کو فخر محسوس کروانےکا باعث بنے ہیں، کسی قوم کی نمائندگی کرنا ایک بڑی ذمہ داری ہوتی ہے، میں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے مداحوں کو متاثر کرتے رہیں اور عالمی سطح پر اپنے ملک کے خوابوں کو زندہ رکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فٹبال مشکل ترین حالات میں بھی اتحاد اور امید پیدا کرتا ہے اور فیفا اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ٹیم کی مکمل حمایت جاری رکھےگا کہ وہ ورلڈ کپ کی تیاری کے دوران بہترین حالات میں رہے، میں اس بات کا منتظر ہوں کہ وہ دنیا کو انسانیت اور یکجہتی کا مثبت پیغام دیں۔

مزید خبریں

Back to top button