وفاقی کابینہ کا آج ہونے والا شیڈول اجلاس ملتوی کر دیا گیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے آج ہونے والا وفاقی کابینہ کا شیڈول اجلاس ملتوی کر دیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کے ذرائع کے مطابق اجلاس کو آئندہ ہفتے تک ری شیڈول کر دیا گیا ہے، جبکہ کابینہ ارکان کو بھی اس حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج دن 12 بجے طلب کیا تھا، تاہم بعد ازاں اسے ملتوی کر دیا گیا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے متوقع دورۂ سعودی عرب کی تیاریوں کے سلسلے میں آج صبح اہم اجلاس طلب کیا ہے، جس میں انہیں دورے کی تیاریوں، مجوزہ ملاقاتوں اور اہم امور پر بریفنگ دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے دورے کے دوران اعلیٰ سعودی قیادت سے ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون، علاقائی و عالمی امور اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آج 2 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے، جہاں ان کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات متوقع ہے۔
ملاقاتوں میں پاکستان سعودی تعلقات کے فروغ کے علاوہ امریکا ایران کشیدگی اور امن مذاکرات سے متعلق امور بھی زیر غور آنے کا امکان ہے۔



