اسلام آبا:جائیداد پر ٹیکس وصولی کیلئے مقررہ نئی ویلیو ایشن معطل،ایف بی آر کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر اسلام آباد میں جائیدادوں پر ٹیکس وصولی کے لیے مقرر کردہ نئی ویلیو ایشن معطل کردی ہے اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
ایف بی آر نے بتایا ہے کہ ملک بھر میں ویلیو ایشن ٹیبلز کی 29 اکتوبر 2024کو نظرثانی کی گئی تاہم اسلام آباد میں فیڈرل ٹیکس محتسب میں زیر التوا شکایات کے باعث یہ عمل مؤخر رہا، اسلام آباد کے لیے 8 دسمبر 2025 کو ایس آر او جاری کیا گیا تھا جس پر چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر نے درج ویلیوز کو حقیقی مارکیٹ ریٹس سے زائد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا۔
چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر نے اس سے واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا جس کے لیے وزیراعظم سے بھی اپیل کی گئی تھی۔
ریئل اسٹیٹ سیکٹر سے وابستہ کاروباری لوگوں کا کہنا تھا کہ نئے ویلیوایشن ٹیبل کے نفاذ سے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں ٹیکس پراپرٹی کی اصل مارکیٹ قیمت سے بڑھ گیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ایف بی آر نے عوام اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے اعتراضات کا جائزہ لیا جن میں سے بعض درست قرار دیے گئے بعد ازاں اسلام آباد کے لیے ویلیو ایشن ٹیبل کی دوبارہ جانچ پڑتال اور از سر نو تعین کا فیصلہ کیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایس آر او 2392(1)/2025 کو 31 جنوری 2026 تک یا نظرثانی شدہ ایس آر او کے اجرا تک (جو بھی پہلے ہو) معطل رکھا جائے گا۔



