ٹینشن گالم گلوچ کا ماحول ختم ہونا چاہیے، سب سیاسی رہنماؤں کو ڈائیلاگ کی طرف آناچاہئے،نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے کہا ہے کہ عمران خان کا حق ہے کہ ذاتی معالج تک رسائی دی جائے، ملک میں ٹینشن گالم گلوچ کا ماحول ختم ہونا چاہیے، سب سیاسی رہنماؤں کو ڈائیلاگ کی طرف آنا چاہیے۔
یہ بات نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کی صحت کے معاملے پر پوری قوم پریشانی کا شکار ہے، آپ عمران خان کے معالج کو رسائی دیں وہ جیل سے بتا دیں ان کے ساتھ کس کو ہونا ہے، یہ حق ہے ان کا انہیں ذاتی ڈاکٹرز تک رسائی حاصل ہو، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کس کو ہونا چاہیے کس کو نہیں یہ فیصلے کا حق بھی عمران خان کو کرنے دیں۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی ملک کا سیاسی درجہ حرارت نارمل کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے، عمران خان اور ان کے ساتھیوں نے پوری کوشش کی مگر انقلاب نہ آسکا، پاکستان کی معیشت کے جو حالات ہیں اس کے سبب 125 عالمی کمپنیاں ملک چھوڑ گئیں، آئی ایم ایف اور اسٹیٹ بینک کی رپورٹ میں کہا گیا کہ عوام کی کمر ٹوٹ گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس کوئی مینڈیٹ نہیں، حکومت اور عوام کے درمیان اس وقت بہت زیادہ فاصلہ ہے ملک میں کوئی مثبت سیاسی ڈویلپمنٹ نہیں ہورہی، اس وقت سیاست کو کسی بڑی تحریک کی ضرورت نہیں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو ایک ساتھ مل کر بیٹھنے کی ضرورت ہے۔



