فوادچودھری کی’’سوئی‘‘ڈائیلاگ پراڑ گئی

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک کے موجودہ سیاسی اور اقتصادی چیلنجز کا حل صرف اور صرف سیاسی جماعتوں کے درمیان ڈائیلاگ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس سلسلے میں وہ آصف علی زرداری، نواز شریف اور شہباز شریف کے پاس جائیں گے تاکہ تمام جماعتیں مل بیٹھ کر معاملات کو بہتر طریقے سے حل کر سکیں۔

لاہور بار کے انتخابات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور بار ایشیا کی سب سے بڑی بار ہے جہاں ہر سال وکلا کے انتخابات ہوتے ہیں جو ایک جمہوری عمل کا حصہ ہیں۔ وکلا ہمیشہ قانون کی سربلندی کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی انتخابات کا انعقاد شفاف اور جمہوری ہونا چاہیے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی جانب سے تحریک انصاف کو سندھ میں ویلکم کرنے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ بلاول بھٹو کی سیاست میں ذوالفقار علی بھٹو کی جھلک نظر آتی ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے قید خواتین کے حوالے سے کہا کہ جو خواتین سزا یافتہ ہیں اور ابھی سرنڈر نہیں کر سکیں، ان کی سزائیں سسپینڈ کی جانی چاہییں۔

خیبرپختونخوا کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کو صوبے میں دہشت گردی اور دیگر مسائل کے حوالے سے بہتر معلومات ہیں، کیونکہ پی ٹی آئی تیسری مرتبہ وہاں منتخب ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے مسائل کے حل میں تحریک انصاف سے بہتر کوئی نہیں جانتا۔

مزید خبریں

Back to top button