ذوالفقارعلی بھٹوشہیدعوام کی آواز، ایک منصفانہ معاشرے کے خوابوں کے معمار اور جرات و استقامت کی علامت تھے،فریال تالپور

کراچی / اسلام آباد / مظفر آباد / لاڑکانہ  (جانوڈاٹ پی کے)  پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین  کی مرکزی صدر  فریال تالپور نے ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم  قائدِ عوام  ذوالفقار علی بھٹو  شہیدکو اُنکے یوم شہادت پر  شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، فریال تالپور نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ  بھٹو شہید عوام کی آواز، ایک منصفانہ معاشرے کے خوابوں کے معمار اور جرات و استقامت کی علامت تھے، جنہوں نے ظلم کے آگے سر جھکانے کے بجائے تختۂ دار کو قبول کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائدِ عوام کی شہادت ماضی کا ایک باب نہیں بلکہ ایک زندہ حقیقت ہے، جو یہ پیغام دیتی ہے کہ جمہوریت اور عوامی حقوق کی جدوجہد کو کبھی دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ محروم طبقات کو بااختیار بنانے، وفاق کو مضبوط کرنے اور عام آدمی کو شناخت و آواز دینے کا  بھٹو شہید  کا وژن آج بھی زندہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائدِ عوام  نے اپنے لہو سے امید کے  وہ چراغ روشن کیے، جو آج بھی پاکستان میں جمہوری شعور کی صورت میں روشن ہیں۔  فریال تالپور نے مزید کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی لیگیسی  جراَت، قربانی اور جمہوریت سے غیرمتزلزل وابستگی کی ایک روشن علامت ہے، جنہوں نے قائدِ عوام کے مشن کو عظیم حوصلے کے ساتھ آگے بڑھایا۔ انہوں نے  مزید کہا کہ آج صدرِ پاکستان آصف علی زرداری دانشمندی اور ثابت قدمی کے ساتھ جمہوری تسلسل اور قومی یکجہتی کو مضبوط بنا رہے ہیں، جبکہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری مستقبل بین قیادت کے ذریعے جمہوریت کے استحکام، آئین کے تحفظ اور ان اعلیٰ نظریات کی تکمیل کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں جن کے لیے قیادت کی نسلوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ فریال تالپور نے قوم پر زور دیا کہ وہ  آج قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے یوم شہادت پر اُنکی لازوال قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے جمہوریت کے تحفظ، عوامی حقوق کے دفاع اور قائدِ عوام کے اس پاکستان کی تعمیر کے لیے عہد کی تجدید کریں جو مضبوط، ہمہ گیر اور انصاف پر مبنی ہو۔

مزید خبریں

Back to top button