فرح خان نے بھی جنسی ہراسانی کا مدعا اٹھادیا

ممبئی(شوبزڈیسک)بالی وڈ کی معروف کوریوگرافر، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر فرح خان نے ایک شو میں گفتگو کے دوران انکشاف کیا ہے کہ اپنے فنی کیریئر کے ابتدائی دنوں میں وہ ایک فلم میکر کی جانب سے جنسی ہراسانی کا نشانہ بنی تھیں۔

فرح خان نے حال ہی میں اداکاراؤں ٹوئنکل کھنہ اور کاجول کے شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی زندگی اور کیریئر سے متعلق کئی اہم باتیں کیں۔ اسی دوران انہوں نے ایک تلخ یاد کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران ایک ڈائریکٹر نے انہیں ہراساں کیا تھا۔

"میں اس ڈائریکٹر کی فلم میں کوریوگرافی کررہی تھی۔ ایک دن میں اپنے کمرے میں گئی اور بستر پر بیٹھی تھی۔ وہ فلم ساز گانے پر گفتگو کے بہانے میرے کمرے میں آیا اور میرے بالکل پاس بیٹھ گیا۔ اس نازیبا حرکت پر مجھے فوری طور پر اسے کمرے سے نکالنا پڑا۔”

انہوں نے کہا کہ اُس وقت مالی حالات بہتر نہ ہونے کے باعث وہ کام چھوڑ نہیں سکتی تھیں، لیکن اس واقعے نے ان کے اندر یہ جذبہ پیدا کیا کہ وہ اتنے پیسے کمائیں کہ اپنے بچوں کو کبھی کسی پریشانی یا مجبوری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

فرح خان کے ساتھ پروگرام میں شریک ٹوئنکل کھنہ نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا”میں اس منظر کی عینی شاہد ہوں۔ وہ فلم ساز واقعی فرح کے پیچھے پڑا ہوا تھا۔ اسے چاہیے تھا کہ وہ اسے مار دیتی، مگر میں گواہ ہوں کہ ایسا واقعہ پیش آیا تھا۔”

فرح خان بالی وڈ میں چار دہائیوں سے زائد عرصے سے سرگرم ہیں اور متعدد سپر ہٹ فلموں کی کوریوگرافی کے ساتھ ساتھ ہدایتکاری کے جوہر بھی دکھا چکی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button