فیض حمید اب عمران خان کیخلاف گواہی دینے جارہے ہیں:سینیٹر فیصل واوڈا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ لیفٹننٹ جنرل (ر) فیض حمید اب بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف گواہی دینے جارہےہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ 9 مئی کیسز میں بانی پی ٹی آئی قانونی شکنجے میں آتے دکھائی دے رہےہیں، فیض حمید بانی پی ٹی آئی کے خلاف صرف گواہی نہیں شواہد بھی دیں گے۔

فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ قانون کا یہ شکنجہ یہاں رکے گا نہیں، فیض حمید کی 14 سال کی سزا میں کمی نہیں ہوگی، 9 مئی کےلیے فوجی تنصیبات کی تفصیلات دینا فیض حمید کا کام تھا۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ جنرل باجوہ کی غفلت اور نااہلی تھی مگر انہیں پتا چلا تو فیض حمید کو ہٹانے کی کوشش کی، جنرل باجوہ بری الذمہ ہوگئے تھے اس لیے ان کےخلاف کارروائی نہیں ہوگی۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ معاملہ واضح ہونے کے بعد پہلا نمبرپی ٹی آئی اور اس کے بانی کا ہے۔

خیال رہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو 14 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی گئی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے فیض حمید کو 14 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ سابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمیدکے خلاف پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت فیلڈجنرل کورٹ مارشل کا عمل شروع کیا گیا اور فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کا یہ عمل 15 ماہ تک جاری رہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملزم کے خلاف 4 الزامات پر کارروائی کی گئی، ان الزامات میں سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونا، ریاست کی سلامتی اور مفادات کے لیے نقصان دہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی، اختیارات اور سرکاری وسائل کا غلط استعمال اور بعض افراد کو ناجائز نقصان پہنچانا شامل ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button