پی ٹی آئی حکومت فوج کے بغیر دو دن بھی صوبہ نہیں سنبھال سکتی: فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کے پی کے میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے، فوج صوبے سے نکلے تو دو دن بھی صوبہ نہیں سنبھال سکتے۔
پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ناگزیر ہیں صوبائی حکومت کو سپورٹ کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر صوبے میں امن نہیں ہوگا تو کاروبار اور معیشت کیسے چلے گی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی فیصلوں کا حل سیاسی طریقے سے ہی نکالا جانا چاہیے اور ہماری کوشش ہے کہ تمام سیاسی معاملات مذاکرات اور جمہوری عمل کے ذریعے طے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی اور اپوزیشن جماعتوں کو ہم نے ایک میز پر بٹھایا کیونکہ ملک کو اس وقت انتشار نہیں بلکہ استحکام کی ضرورت ہے۔



