پی ایس 9 شکارپور ضمنی انتخاب پُرامن، ووٹر سہولت اور شفافیت پر سوالات برقرار: فافن رپورٹ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پی ایس 9 شکارپور کے ضمنی انتخاب سے متعلق فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے اپنی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق انتخابی دن مجموعی طور پر پُرامن رہا اور کسی بڑے ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔ انتخابی مہم کے دوران اسلحہ کی نمائش، لاؤڈ اسپیکر کے استعمال اور دیگر ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد میں نمایاں بہتری دیکھی گئی۔ تاہم ووٹرز کی سہولت اور ووٹوں کی گنتی کے عمل میں شفافیت سے متعلق مسائل بدستور موجود رہے۔
رپورٹ کے مطابق ضمنی انتخاب میں ووٹر ٹرن آؤٹ 32 فیصد رہا، جو عام انتخابات 2024 میں 39 فیصد تھا۔ مرد ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 40 فیصد سے کم ہو کر 31 فیصد رہا، جبکہ خواتین ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 33 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جو مردوں سے دو فیصد زیادہ ہے۔
فافن کے مطابق ضمنی انتخاب میں کامیابی کا فرق عام انتخابات کے 38 ہزار ووٹوں کے مقابلے میں بڑھ کر 63 ہزار سے زائد ووٹ ہو گیا۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ فارم 47 قانونی وقت سے پہلے رات 12 بج کر ایک منٹ پر مکمل کر لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ ضمنی انتخاب مرحوم آغا سراج درانی کے انتقال کے باعث ہوا، جس میں مجموعی طور پر 9 امیدواروں نے حصہ لیا، جن میں 6 آزاد جبکہ 3 کا تعلق مختلف سیاسی جماعتوں سے تھا۔ فافن کا کہنا ہے کہ 78 فیصد پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی تعداد قانونی حد سے تجاوز کر گئی، جبکہ ایک پولنگ اسٹیشن پر اوسطاً 1560 ووٹرز کا بوجھ رہا۔



