بدین،آنکھوں کے امراض سے بچاؤ اور علاج کی فراہمی کےحوالے سے اجلاس

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی کی زیر صدارت کمیٹی روم میں سی بی ایم کے تعاون سے ضلع بدین میں آنکھوں کے امراض سے بچاؤ اور بہتر علاج کی سہولیات کی فراہمی کے لیے شروع کیے جانے والے منصوبے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد کیا گیا اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی پروجیکٹ کوآرڈینیٹر عبدالمنان نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کرسٹوفل بلائنڈن مشن تقریباً چار لاکھ یورو کی فنڈنگ سے بدین میں یہ منصوبہ شروع کر رہا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ضلع کے شہری اور دیہی علاقوں میں رہنے والے افراد اور طلبہ کو آنکھوں کے امراض کا مفت علاج فراہم کیا جائے گا، جس میں آنکھوں کے آپریشن، ادویات، لینز اور نظر کی عینکیں مفت فراہم کی جائیں گی۔ منصوبے کا بنیادی مقصد غریب اور پسماندہ طبقے تک معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور بینائی سے متعلق بیماریوں میں کمی لانا ہے اس کے ساتھ ساتھ منصوبے کے مؤثر نفاذ کے لیے لیڈی ہیلتھ ورکرز اور ضلع بدین کے 23 اساتذہ کو خصوصی تربیت دی جائے گی، جس کا آغاز آئندہ دو ہفتوں میں کیا جائے گا۔ تربیت کے بعد اساتذہ اسکولوں میں طلبہ کی نظر کا معائنہ کر سکیں گے، اور جن بچوں میں بینائی کی کمزوری یا دیگر مسائل کی نشاندہی ہوگی، انہیں مزید علاج کے لیے قریبی صحت مراکز کو ریفر کیا جائے گا یہ سہولیات ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال بدین سمیت شادی لارج، ماتلی، علی بندر اور کورواہ میں قائم انڈس اسپتال کے یونٹس میں بھی دستیاب ہوں گی، جس سے دور دراز علاقوں کے افراد کو بھی اپنے قریب علاج کی سہولت میسر آئے گی اس منصوبے سے نہ صرف آنکھوں کے امراض کی بروقت تشخیص ممکن ہوگی بلکہ علاج تک رسائی بھی آسان ہوگی، جس کے نتیجے میں ضلع بدین میں عوام کی مجموعی صحت میں نمایاں بہتری آنے کی توقع ہے۔



