سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کی آبادکاری سے وزیرآباد کی لائٹ انجینئرنگ ایکسپورٹ بڑھے گی: مظاہر حسین زیدی

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے)لاہور میں منعقدہ آل پاکستان چیمبر صدور کانفرنس کے موقع پر قائم مقام صدر وزیرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سید مظاہر حسین زیدی نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی۔ جس میں سید مظاہر حسین زیدی نے گولڈن اکنامک ٹرائی اینگل سیٹیز کے تحت ضلع وزیرآباد کی ایکسپورٹ بڑھانے کے حوالے سے یاد داشت پیش کی۔وفاقی وزیر خزانہ نے اس موقع پر سمیڈا اور وزیرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ مل کر موثر منصوبہ بندی اور عملی اقدامات کے ذریعے ضلع وزیرآباد کی برآمدات کے فروغ کے لیے مکمل تعاون اور سپورٹ کی یقین دہانی کروائی۔ سید مظاہر حسین زیدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع وزیرآباد میں سمال انڈسٹریل اسٹیٹ وزیرآباد کی جلد آباد کاری مقامی مائیکرو اینڈ سمال انٹرپرائزز لائٹ انجینئرنگ سیکٹر کی ایکسپورٹ اور پیداواری صلاحیت میں اضافے کی بنیادی کنجی ہے اور اس مقصد کے لیے سٹیٹ بینک آف پاکستان کو مقامی صنعتوں اور کٹلری کلسٹر کو اپنی سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ری فنانسنگ اسکیم میں شامل کر کے ورکنگ کیپٹل کی سہولت فراہم کرنی چاہیے جس سے ایکسپورٹ اور پیداواری استعداد میں نمایاں بہتری آئے گی انہوں نے مزید کہا کہ وزیرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران صوبائی اور وفاقی حکومتوں کی سرپرستی میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کو کامیاب بنانے کے لیے مکمل طور پر رضامند اور پرعزم ہیں۔ جس پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر فہیم الرحمن سہگل اور اسد علی بھی موجود تھے۔

مزید خبریں

Back to top button