محکمہ تعلیم سندھ نے اساتذہ اور ملازمین کے تبادلوں کے نظام ای-ٹرانسفر سسٹم کا نفاذ کردیا

کراچی(جانو ڈاٹ پی کے)محکمہ تعلیم سندھ نے اساتذہ اور ملازمین کے تبادلوں کے نظام ای-ٹرانسفر سسٹم کا نفاذ کردیا۔وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ تبادلوں کا نظام آن لائن ہونے سے شفافیت اور میرٹ کو فروغ ملے گا۔صوبائی وزیر تعلیم کی ہدایت پر محکمہ تعلیم سندھ نے تبادلوں کے روایتی نظام کو تبدیل کرتے ہوئے ڈیجیٹلائز کردیا ہے۔ای-ٹرانسفر سسٹم 15 جنوری سے باقائدہ فعال ہو جاۓ گا، ڈجیٹلائیز نظام کو مرحلہ وار بڑھایا جاۓ گا تاکہ مؤثر نتائج مل سکیں۔اساتذہ اب اپنے تبادلوں کی درخواستیں آن لائن جمع کروانے کے بعد درخواست کے اسٹیٹس کو گھر بیٹھے چیک بھی کر سکیں گے۔محکمہ اسکول ایجوکیشن کو ڈجیٹلائیز کرنے کے سفر میں ای-ٹرانسفر سسٹم نظام کابینہ سے منظور شدہ ہے۔ای-ٹرانسفر سسٹم کے پہلے مرحلے میں اساتذہ کو شامل کیا گیا ہے بعد ازاں اس میں محکمہ کے تمام ملازمین کو شامل کیا جاۓ گا۔اس وقت محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ میں مجموعی طور پر 133,547 اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔105,258 پرائمری اسکول ٹیچرز اور 28,289 جونیئر ایلیمنٹری اسکول ٹیچرز شامل ہیں۔وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ تعلیم کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال سے انتظامی امور کو مزید بہتر اور شفاف بنانے میں مدد ملے گی،اساتذہ کے تبادلوں میں سفارش اور تاخیر کا خاتمہ، ای-ٹرانسفر سسٹم مؤثر ثابت ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button