اشٹام پیپرز کی فیسوں میں بھاری اضافہ، عوام پر نیا مالی بوجھ

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) حکومت پنجاب نے ای اشٹام پیپرز کی فیسوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کے باعث سائلین شدید پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق کم از کم ای اشٹام پیپر کی مالیت 100 روپے سے بڑھا کر 300 روپے کر دی گئی ہے، جبکہ طلاق کے لیے استعمال ہونے والے ای اشٹام پیپر کی فیس 100 روپے سے بڑھا کر 1000 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح بچوں کے نئے اسکولوں میں داخلوں اور ملازمت کے حصول کے لیے درکار ڈومیسائل ای اشٹام پیپر کی فیس 100 روپے سے بڑھا کر 500 روپے کر دی گئی ہے۔ بجلی، سوئی گیس اور پانی کے نئے کنکشن کے لیے اشٹام پیپر کی فیس بھی 100 روپے کے بجائے اب 1000 روپے وصول کی جائے گی۔
پراپرٹی سیلز ایگریمنٹ کے لیے ای اشٹام پیپر کی فیس 1200 روپے سے بڑھا کر 3 ہزار روپے کر دی گئی ہے، جبکہ پراپرٹی کے علاوہ دیگر معاہدوں کے لیے استعمال ہونے والے ای اشٹام پیپر کی فیس 100 روپے سے بڑھا کر 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔
مزید برآں 5 لاکھ روپے تک کے معاہدوں کے لیے ای اشٹام پیپر فیس 1200 روپے سے بڑھا کر 3 ہزار روپے، جبکہ 5 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک کے معاہدوں کے لیے فیس 6 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے۔ ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد مالیت کے معاہدوں پر اشٹام پیپر فیس میں 20 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
پاور آف اٹارنی کے ای اشٹام پیپر کی فیس 1500 روپے سے بڑھا کر 1800 روپے کر دی گئی ہے، جبکہ اشٹام پیپر کے اجرا کے لیے سائل کے نام پر موبائل فون سم کا ہونا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
عوامی حلقوں نے اشٹام پیپر فیسوں میں اس بھاری اضافے کو مہنگائی کے ستائے عوام پر مزید بوجھ قرار دیتے ہوئے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔



