سابق بھارتی بولر نے پاکستانی ٹیم کو فیورٹ قراردیدیا
ایشون کی تعریفوں پربھارتی آگ بگولہ ہوگئے

لاہور(سپورٹس ڈیسک)سابق بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کے جیتنے کے امکانات کو روشن قرار دیا ہے۔ایشون نے اپنے یوٹیوب چینل پر پاکستان اسکواڈ کے تجزیے کے دوران ٹیم کے امکانات پر بات کی۔سابق بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون نے کہا کہ شاید کچھ لوگوں کو یہ بات پسند نہ آئے، لیکن میں صرف کرکٹ کی بات کر رہا ہوں، مجھے لگتا ہے کہ اس ورلڈ کپ میں پاکستان کے جیتنے کے امکانات واقعی بہت اچھے ہیں۔ایشون کے مطابق پاکستان کے اوپنرز اور بولرز ٹیم کی بڑی طاقت ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ان کی اوپننگ جوڑی ہے۔ بابر اعظم اوپن نہیں کریں گے بلکہ صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب اوپن کریں گے۔ صائم ایوب پاور پلے میں بیٹنگ کے دوران متاثر کن رہے ہیں۔ایشون نے کہا کہ بولنگ میں شاہین شاہ آفریدی کا پاور پلے میں اکانومی ریٹ 6.5 ہے۔ ابرار احمد اور نواز بھی اچھے بولرز ہیں ، نواز کنٹرول کے ساتھ اور ابرار اپنی انفرادیت کی وجہ سے خطرناک ہیں۔



