تھر کول سے بریکیٹس بنانے کی صنعت کو فروغ دینے کا فیصلہ، وزیراعلیٰ کی انرجی محکمے کو ہدایات جاری

تھرپارکر(رپورٹ : میندھرو کاجھروی)وزیراعلیٰ سندھ نے تھر کی کوئلے سے کول بریکیٹس (کوئلے کے سرون) تیار کرنے والی صنعت کو فروغ دینے اور مقامی تاجروں کو کوئلے کی منظم فراہمی کے لیے اہم اقدام کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

چیف منسٹر سیکریٹریٹ سندھ کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامے کے مطابق، وزیراعلیٰ نے انرجی محکمے کے سیکریٹری کو حکم دیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں ضروری قانونی اور انتظامی کارروائی عمل میں لائیں۔ یہ ہدایت سندھ اسمبلی کے رکن سرینڈر ولاسائی کے خط کے جواب میں دی گئی، جس میں انہوں نے تھر کے کوئلے کو مقامی سطح پر صنعتی استعمال میں لانے کی تجویز دی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ تھر کے کوئلے سے بریکیٹس بنانے والی صنعت کو فروغ دیا جائے تاکہ مقامی سطح پر توانائی کا سستا متبادل دستیاب ہو سکے۔

سندھ حکومت تھر کے کوئلے کی فراہمی کو منظم کرے گی تاکہ مقامی کاروباری افراد اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔وزیراعلیٰ نے اس معاملے پر "فوری عمل درآمد” کرنے کا حکم دیا ہے۔

یاد رہے کہ تھر کول کو بجلی کی پیداوار کے ساتھ ساتھ بریکیٹس کی صورت میں گھریلو اور چھوٹے صنعتی استعمال کے لیے تیار کرنے سے نہ صرف ایندھن کا مسئلہ حل ہوگا بلکہ مقامی سطح پر روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انرجی محکمے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موجودہ پالیسی اور قانون کے مطابق اس پر جلد از جلد رپورٹ پیش کرے۔

دوسری جانب بلاول ہاؤس کے ترجمان اور ایم پی اے سریندر ولاسائی نے وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں شکر گزار ہوں کہ میری تجویز پر تھر کے کوئلے کی منظم تجارت اور مقامی دستکاری صنعت کی اقتصادی ترقی کے لیے تجارتی "کوئلے کے بریکیٹس” تیار کرنے کے لیے ضروری کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تھری عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک انقلابی قدم ثابت ہو سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button