توانائی تنصیبات پر مزید حملوں کی صورت میں جواب مکمل تباہی کی صورت میں دیں گے،ایران

تہران (جانوڈاٹ پی کے)ایران نے واضح کیا ہے کہ اس کی توانائی تنصیبات پر مزید حملے ہوئے تو اس کا جواب مکمل تباہی کی صورت میں دیں گے۔
ترجمان خاتم الانبیابیس ابراہیم ذوالفقاری نے اپنے بیان میں کہا کہ دشمن حملوں کے جواب میں جارحانہ کارروائیاں شروع کر دیں، خطے میں امریکی مفادات اور تیل کی تنصیبات کو آگ لگا دی گئی۔
ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ جوابی کارروائی ابھی ختم نہیں ہوئی بلکہ جاری ہے، اگلا حملہ پہلے سے کہیں زیادہ خطرناک ہوگا۔
واضح رہے کہ امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ ایران پر آج تباہی اور موت کا حملہ ہوگا، جنگ میں اب تک 7 ہزار اہداف کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔
پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ ایران کے اب تک 120 بحری جہاز اور 11 آبدوزیں تباہ کر چکے ہیں، پاسداران انقلاب کے سینئر رہنماؤں کو ختم کر دیا گیا ہے، ہم جیتنے کیلیے لڑ رہے ہیں اور جیت بھی رہے ہیں۔
امریکی وزیر جنگ کا کہنا تھا کہ نا شکرے یورپین اتحادیوں اور ناشکری میڈیا کو ٹرمپ کا شکریہ ادا کرنا چاہیے تھا، تہران صرف امریکا یا خطے کیلیے نہیں بلکہ انسانی تہذیب کیلیے بھی خطرہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران کی جنگ ماضی کی جنگوں سے بہت مختلف ہے، ہم آنے والی نسلوں کو ایران کے ایٹمی خطرے سے محفوظ کر رہے ہیں۔



