سکھر میں ناجائز تجاوزات کیخلاف کریک ڈاؤن، عوامی مقامات سے رکاوٹیں ہٹا دی گئیں

سکھر (رپورٹ:اورنگزیب ماکا)سکھر میں انتظامیہ کی جانب سے ناجائز تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن کیا گیا جس کے دوران فٹ پاتھ، سڑکوں اور دیگر عوامی مقامات سے رکاوٹیں ہٹا دی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر سکھر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر نیو سکھر بشریٰ منصور نے آپریشن کی قیادت کی، جس کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں نصب ستون، میز، چھت اور دیگر سامان ہٹا دیا گیا، جو ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی نقل و حرکت میں رکاوٹ بن رہے تھے۔
خاص طور پر نیو بس ٹرمینل سکھر اور شکارپور پھاٹک پر غیر قانونی طور پر رکھے گئے آلات کو ہٹا دیا گیا۔
آپریشن میں میونسپل کارپوریشن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلال کورائی، ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن نثار احمد صدیقی اور لقمان گل مہر، انسداد تجاوزات فورس کے انچارج ایس ایچ او عبداللطیف شیخ اور پولیس کی نفری بھی شریک تھی۔
اسسٹنٹ کمشنر بشریٰ منصور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا اور منظم بنانے کے لیے اس طرح کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور اگر دوبارہ سڑکوں یا فٹ پاتھوں پر کوئی اشیاء رکھی گئیں تو انتظامیہ اشیا ضبط کر کے قانونی کارروائی کرے گی۔
شہریوں نے آپریشن کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ٹریفک کی روانی اور عوام کی سہولت کے لیے ایسے آپریشن مستقل بنیادوں پر جاری رکھے جائیں۔



