بجلی صارفین کے لیے خوشخبری: حکومت نے بڑا ریلیف دے دیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) بجلی صارفین کے لیے خوشخبری، وفاقی حکومت نے اوسط بنیادی ٹیرف میں اضافہ نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کیا ہے۔
نیپرا میں ہونے والی سماعت کے دوران ایڈیشنل سیکرٹری پاور ڈویژن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بجلی کے نرخوں میں اضافے سے بچنے کے لیے سبسڈی کو ایڈجسٹ کر دیا گیا ہے، جس کے باعث ٹیرف میں اضافہ ضروری نہیں رہا۔
پاور ڈویژن کے حکام کے مطابق جولائی سے اب تک انرجی مکس میں نمایاں تبدیلی آئی ہے، جس سے پیداواری لاگت میں کمی ہوئی اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنا ممکن ہوا۔
حکام نے واضح کیا کہ اس وقت ملک بھر میں تمام کیٹیگریز کے بجلی صارفین کو مجموعی طور پر 629 ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے تاکہ عوام کو بجلی سستے نرخوں پر میسر رہے۔ حکومت نے تمام حالات کا جائزہ لینے کے بعد ٹیرف میں ردوبدل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔



