سرگودھاضمنی انتخابات:حساس پولنگ سٹیشنز پر پاک فوج تعینات

سرگودھا (نامہ نگار) سرگودھا ڈویژن کے اہم صوبائی حلقوں پی پی-73 اور پی پی-87 سمیت دیگر قومی و صوبائی حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے پاک افواج کو تعینات کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، افواج پاکستان کے اہلکار ضمنی الیکشن کے دوران حساس پولنگ سٹیشنز پر اور انتخابی عمل کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے پاک فوج کے جوان پولنگ کے دن اور اس سے قبل انتخابی مواد کی ترسیل کے دوران مرکزی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔سیکیورٹی کے یہ سخت انتظامات خصوصی طور پر سرگودھا ڈویژن کے پی پی-73 (سرگودھا-III) اور پی پی-87 (میانوالی-III) کے ضمنی انتخابات میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے ہیں۔
اس اقدام کا مقصد ضمنی انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنانا، ووٹنگ کے عمل کو کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے محفوظ رکھنا اور عوام کے حق رائے دہی کے استعمال میں اعتماد پیدا کرنا ہے۔



