بلدیاتی انتخابات میں تاخیر قومی مسئلہ،کوئی حکومت بروقت الیکشن کرانے میں سنجیدہ نہیں، الیکشن کمیشن

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ کوئی بھی حکومت بلدیاتی انتخابات بروقت کرانے میں سنجیدہ نظر نہیں آتی، جس کے باعث نچلی سطح پر جمہوری عمل متاثر ہو رہا ہے۔

الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے بروقت انعقاد کے لیے قانون سازی کی سفارش کر دی ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق لوکل گورنمنٹ نظام ملکی جمہوری اداروں کا ایک اہم ستون ہے جو مقامی سطح پر عوام کو سہولیات فراہم کرنے اور ان کے مسائل حل کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں تاخیر ایک قومی مسئلہ بن چکی ہے، اس لیے حکومت کو سفارش کی گئی ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 219 میں ترمیم کی جائے۔

سفارشات میں کہا گیا ہے کہ مقامی حکومتوں کی مدت مکمل ہونے یا تحلیل کی صورت میں، اسی وقت نافذ لوکل گورنمنٹ قوانین کے تحت بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں تاکہ کسی قسم کی قانونی یا انتظامی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ماضی میں بارہا دیکھا گیا ہے کہ حکومتیں بلدیاتی انتخابات کو مؤخر کرتی رہی ہیں، جس سے مقامی سطح پر جمہوری عمل کمزور ہوا اور عوام بنیادی سہولیات سے محروم رہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد صرف الیکشن کمیشن کی نہیں بلکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ آئینی ذمہ داری ہے، اور بروقت انتخابات نہ ہونے سے جمہوریت کی بنیادیں کمزور پڑتی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button