این اے 18 ہری پور ضمنی انتخاب: الیکشن کمیشن نے دباؤ کے الزامات مسترد کر دئیے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 18 ہری پور کے ضمنی انتخاب میں دباؤ کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخاب میں فارم 47 اسلام آباد سے جاری ہونے کا الزام بے بنیاد اور گمراہ کن ہے۔
اعلامیے کے مطابق این اے 18 کا فارم 47 ریٹرننگ آفیسر نے خود تیار کر کے جاری کیا۔24 نومبر کو صبح 3 بجکر 16 منٹ پر فارم 47 الیکشن کمیشن کو موصول ہوا، جبکہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے بھی صبح 3 بج کر 22 منٹ پر یہی نتیجہ بھجوایا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ فارم 47 صبح 4 بج کر 28 منٹ پر الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا گیا، جو ریٹرننگ آفیسر کے دستخط کے ساتھ ویب سائٹ پر موجود ہے۔ اسی طرح فارم 48 اور فارم 49 دونوں 26 نومبر کو الیکشن کمیشن کو موصول ہوئے۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ انتخابی نتائج پر اعتراض کا فورم الیکشن ٹربیونل ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ گمراہ کن پراپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔



