ملک بھر میں عیدالفطر کے روح پرور اجتماعات، ملکی سلامتی اور امت مسلمہ کیلئے خصوصی دعائیں

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) ملک میں عیدالفطر آج مذہبی جوش و جذبے سے منائی جاری رہی ہے، نماز عید کی ادائیگی کے لیے ہزاروں چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے جن میں ملکی سلامتی اور امت مسلمہ کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد سمیت ملک بھر میں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے، شہری نئے کپڑے پہن کر، خوشبو لگا کر اور سنت کے مطابق میٹھی اشیاء کھا کر نماز کے لئے گئے، نماز کے بعد ایک دوسرے کو گلے لگا کر عید کی مبارکباد دی۔
آج گھروں میں خصوصی پکوان تیار کیے جا رہے ہیں جبکہ بچے عیدی حاصل کرنے کے لیے بے حد پرجوش دکھائی دے رہے ہیں، حکومت کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ شہری بلا خوف و خطر عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عید الفطر کی مرکزی نماز فیصل مسجد میں ادا کی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں افراد نے شرکت کی جبکہ لاہور کی بادشاہی مسجد میں اور کراچی کی مختلف مساجد میں عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے نمازعید زرداری ہاؤس نوابشاہ میں ادا کی، صدر زرداری نے ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے دعائیں کیں، وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں نماز عید ادا کی اور شہریوں سے ملاقاتیں کیں، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں نماز عید ادا کی، نمازعید کی ادائیگی کے بعد بلاول بھٹو زرداری شہریوں سے گھل مل گئے، عید ملے اور مصافحہ بھی کیا۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے آبائی گاؤں دھڑنال میں نماز ادا کی اور اہل علاقہ سے ملاقاتیں کیں، گورنر سندھ نہال ہاشمی نے عید کی نماز گورنر ہاؤس میں ادا کی جبکہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے راولپنڈی میں نماز عید پڑھی، مولانا فضل الرحمان نے ڈی آئی خان کے علاقے عید الخیل میں عید الفطر کی نماز پڑھائی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور خلیجی ممالک سمیت دنیا بھر کے کئی ممالک میں گزشتہ روز عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔
نماز عیدالفطر کے سب سے بڑے اجتماعات مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں ہوئے، جہاں لاکھوں فرزندان توحید نے نماز عید ادا کی اور روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دی تھی، انہوں نے عالمی امن و استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا اور امت مسلمہ کیلئے امن، سلامتی اور استحکام کی دعا کی۔



