بدین:کڑیو گھنور تعلیم بچاؤ کمیٹی کی اپیل پر تعلیمی زبوں حالی کیخلاف احتجاجی ریلی، گرلز اسکول ڈی مرج کرنے کا مطالبہ

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)کڑیو گھنور تعلیم بچاؤ کمیٹی کی اپیل پر شہر میں تعلیمی زبوں حالی کے خلاف پریس کلب چوک سے فاضل راہو چوک تک بڑے پیمانے پر احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی فاضل راہو چوک پہنچ کر دھرنے کی صورت اختیار کر گئی، جہاں شہر کی باشعور حلقوں کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی۔ ریلی پر شہریوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے تعلیم بچاؤ کمیٹی کے رہنماؤں حسام نظامانی، گیان چند مہیشوری، فیاض نوتکانی، ندیم نظامانی، مدھوش سندھی، ولی خاصخیلی، راحیل کوری، امداد نظامانی، اسلم بلاولی، فیاض نظامانی، ابو نوحانی، جیٹھومل اور دیگر نے کہا کہ ایم این اے اور ایم پی اے کی جانب سے بچیوں کی تعلیم کے معاملے پر خاموشی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے انہو نے مطالبہ کیا کہ کڑیو گھنور گرلز مڈل اسکول کو فوری طور پر بوائز ہائی اسکول سے الگ (ڈی مرج) کیا جائے اور اسے ہائیر سیکنڈری اسکول تک اپ گریڈ کیا جائے، جبکہ گرلز اسکول کے لیے علیحدہ عمارت بھی منظور کی جائے۔

مظاہرے میں شامل رہنماؤں نے مزید مطالبہ کیا کہ کڑیو گھنور کو ڈگری کالج دیا جائے اور کڑیو گھنور سمیت آس پاس کے علاقوں کے اسکولوں کی خستہ حال عمارتوں کی فوری تعمیر کرائی جائے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو آج کی احتجاجی ریلی کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل مزید سخت ہوگا۔ آخر میں مظاہرین نے حکومت اور متعلقہ حکام سے تعلیم کو بچانے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔

مزید خبریں

Back to top button