اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)الیکشن کمیشن کا پنجاب حکومت کے خلاف سخت ایکشن، صوبائی حکومت کے خلاف اہم کیس سماعت کیلئے فکس کردیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے انعقاد میں تاخیر پر شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے اور صوبائی حکومت کے خلاف کیس سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات پنجاب کو 8 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
الیکشن کمیشن اعلامیہ میں کہا گیا پنجاب میں لوکل گورنمنٹ کی معیاد 2021 میں ختم ہوئی، پانچ مرتبہ قوانین میں ترامیم ہوئیں اور تین بار حلقہ بندیاں کی گئیں، دو مرتبہ الیکٹورل گروپس رجسٹر ہوئے، چھٹی بار قانون سازی زیر التوا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پنجاب حکومت کو بارہا یاد دہانیاں کروائیں لیکن قانون سازی نہ ہو سکی، 2 جون 2025 کو کیس کی سماعت ہوئی اور پنجاب حکومت نے 3 ماہ کی مہلت مانگی، بجٹ سیشن اور کمیٹی ریویو کا مؤقف دیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے صورتحال پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہلت کے باوجود پنجاب حکومت کی طرف سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
بلدیاتی انتخابات کیس کی سماعت 8 اکتوبر 2025 کو الیکشن کمیشن کا فل بینچ کرے گا۔
Back to top button